Ticker

11/recent/ticker-posts

Header Ads Widget

Responsive Advertisement

حضرت عباس (ع) ابن علی (ع) اور دنیا میں موجود اُن کی اولاد کا مختصر تذکرہ



سیدنا حضرت غازی ابو الفضل العباس (ع) بن امیر المومنین و امام المتقین سیدنا حضرت امام علی المرتضٰی (ع) جو کتاب علم اور ایثار و ادب کی روشن علامت و نشانی ہیں، حضرت عباس بن علی (ع) شجاعت و بہادری ، ایمان و معنویت ، استقامت و وفاداری اور عبادت و معرفت میں لوگوں کے لئے اسوہ ونمونہ ہیں۔شعبان المعظم کی چوتھی تاریخ علمدار کربلا حضرت عباس بن علی علیہ السلام کے ظہورِ پُر نور کا دن ہے حضرت عباس بن علی (ع) کا ظہورِ پُر نور سن چھبیس ہجری کو مدینہ منورہ میں ہوا۔ حضرت علی علیہ السلام نے اپنے لخت جگر کا نام " عباس " یعنی میدان جنگ کا شجاع و بہادر شیر ، رکھا۔ آپ اپنے والد ماجد امیرالمومنین علیہ السلام اور اپنی مادر گرامی فاطمہ بنت حزام بن خالد عامریہ کی آغوش عطوفت میں اس طرح پروان چڑھے کہ مظہر غیرت اور ایثار وشجاعت کا پیکر بن گئے۔عباس بن علی (ع) نے اپنی پوری حیات طیبہ میں اپنے والد ماجد اور اپنے معصوم بھایئوں سے بھرپور استفادہ کیا اور تمام فضائل و کمالات کا مظہر بن گئے آپ نے جوکچھ بھی ان تین عظیم ہستیوں سے حاصل کیا تھا اسے کربلا کے میدان میں واضح و آشکار کردیا اور عاشور حسینی کے دن اپنی شجاعت و بہادری کے جوہر دکھائے۔اور عرفان و تقوی اور پاکیزہ سیرت کی بناء پر لوگوں کے لئے ایثارو قربانی اور پاکیزگی کی مثال بن گئے۔ آپ کا نورانی وجود ، نورانیت ومعنویت کی راہنمائی چاہنے والوں کے لئے چراغ اورآپ کے معطرالہی صفات ، حقیقت کے متلاشییوں کے لئے رہنما بن گیا ۔
حضرت عباس علیہ السلام اپنے والد ماجد حضرت امام علی (ع) کے زیر سایہ اور اپنی باایمان و وفادار مادر گرامی کی آغوش عطوفت اور اپنے بڑے بھایئوں امام حسن اور امام حسین علیہم السلام کے ساتھ پروان چڑھے، آپ نے ان تین معصوم اماموں سے کسب فیض کرکے فضیلت و آداب کے اصول سیکھے خصوصاآپ ہمیشہ اپنے آقا سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کے ساتھ رہے اور ایک لمحے کے لئے بھی حضرت سے جدا نہ ہوئے بلکہ ان کے اخلاق و کردار سے اپنے کو زینت بخشی اوران کے کردارو گفتار کے اعلی نمونے کو اپنے لئے اسوہ و نمونہ قرار دیا۔ بے شک امام علی علیہ السلام کی خاص تربیت اور اعلی صفات وکمالات نے اس نوجوان کی فکری اور روحانی شخصیت کے نکھارنے میں بہت ہی اہم کردار ادا کیا ہے ۔ حضرت عباس (ع) نے عہد طفولیت سے ہی اس بات کو ذہن نشین کرلیا تھا کہ کلمہ حق کی سربلندی اور توحید کا پرچم لہرانے میں ایثارو قربانی کا جذبہ پیش کرنا ہے اور اس چیز کو اپنے جان ودل میں بسا رکھا تھا اورآخر دم تک اس پر ثابت قدم رہے ۔
حضرت عباس (ع) اپنے والد ماجد حضرت علی (ع) کے ہمراہ چودہ برس رہے جس میں آخر کے پانچ برس دشمنوں سے مقابلہ کرنے میں گذرے، حضرت عباس (ع) ان میں سے بعض جنگوں میں شریک رہے حالانکہ آّپ نے ابھی جوانی کی دہلیز پر ہی قدم رکھا تھا اس کے باوجود آپ بہت ہی پھرتیلے، بڑھ بڑھ کر حملہ کرنے والےاوراپنے مقابل بہادر و جنگجوؤں سے مقابلہ کرنے والے تھے۔بعض مورخین نے جنگ صفین میں آّپ کی شجاعت و بہادری کے جوہردکھانے کے متعلق تحریر کیا ہے کہ جو نوجوانی اور بارہ برس کی زندگی میں ان کے جنگ کے اسرار رموز سے آگاہی اور آشنائی پر دلانت کرتے ہیں۔انہوں نے مزید تحریر کیا ہے کہ جنگ صفین میں جب معاویہ کے لشکر نے نہر پر قبضہ کرکے پانی پر پابندی عائد کی اورحضرت علی علیہ السلام کے اصحاب کے لئے پانی کی عدم موجودگی، جان کاخطرہ بنی تو آپ نے اپنے اصحاب کو نہر پر سے قبضہ ہٹانے کا حکم دیا اس وقت خود آپ نے امام حسین علیہ السلام کے ہمراہ نہر سے پہرہ ہٹانے اور پانی پر قبضہ جمانے کے لئے دشمنوں سے زبردست جنگ لڑی ۔
حضرت عباس علیہ السلام نے اپنے بابا کی شہادت کے چند برس بعد اٹھارہ برس کی عمر میں عبد اللہ ابن عباس کی بیٹی " لبابہ " سے شادی کی۔ابن عباس، پیغمبر اسلام (ص) کے چچازاد بھائی ، راوی حدیث ، مفسر قرآن اور حضرت علی علیہ السلام کے برجستہ و لائق شاگرد تھے جناب لبابہ کی معنوی و فکری شخصیت نے بھی قرآن کریم کے اس عظيم مفسر کے گھر میں تربیت پائی اور علم و ادب سے مالا مال ہوئیں۔ اس مبارک شادی کے نتیجے میں دو نورانی فرزند" عبد اللہ " اور " فضل " پیدا ہوئے جو آگے چل کر بزرگ عالم دین اور قرآن کریم کے مروج بنے۔ حضرت عباس علیہ السلام کی اولادوں میں بھی بہت سے ایسے افراد ہیں جن کا شمار، حدیث کے راوی اور دوسرے ائمہ کے زمانے میں بزرگ عالم دین میں ہوتا ہے۔ اوریہ علوی نور علم ، جو عباس بن علی علیہ السلام کے وجود نازنین میں جلوہ گرہواتھا اس کا سلسلہ آنے والی نسلوں میں بھی جاری رہا اور دین خدا کی پاسبانی کی۔جس میں سب کے سب عالم ، عابد ، فصیح و بلیغ اور ادیب تھے۔
حضرت عباس (ع) نہایت ہی حسین وجمیل اور اخلاق حسنہ کےمالک تھےان کا ظاہر و باطن ایک تھا، آپ کا نورانی وتابناک چہرہ آپ کو دوسروں سے ممتاز کرتاتھا اور بنی ہاشم کے درمیان، کہ جس میں سب کے سب جمال و کمال کے درخشاں ستارے تھے ، عباس (ع) چاند کی مانند تھے اسی بناء پرآپ کو " قمر بنی ہاشم " کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے آپ کے حسن وجمال کی توصیف میں صرف شکل و صورت یا ان کے قد وقامت ہی کو نہ بیان کیا جائے بلکہ ان کی روشن و منور فضیلتیں بھی اس خوبصورتی میں سہیم ہیں اسی طرح حضرت عباس (ع) کے تقوے اور پرہیزگاری ، دیانت اور وفاو عہد کا تذکرہ ہر ایک کی زبانوں پر تھااس کے علاوہ آپ کا شمار، اسلام کے بڑے بہادروں میں ہوتا تھا آپ نے شجاعت و دلاوری اپنے والد ماجد سے ورثے میں پائی تھی اورآپ کی کرامت و شہامت ، عزت نفس۔ پرکشش و جاذب چہرہ، بنی ہاشم کی تمام عظمتوں کا مرقع تھا آپ کی پیشانی پر سجدوں کے آثار نمایاں تھے جو خداوند عالم کے سامنے ان کے خضوع و خشوع اور تہجد و عبادت کی حکایت کررہے تھے آپ خدا کی راہ میں مبارزہ کرنے والےاور روز و شب کے تمام اسراررموز سے آشنا سپاہی تھے۔
حضرت عباس (ع) کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ آپ نافذ البصیرہ اور گہری نظر رکھتے تھے اور معاشرے کے تمام سیاسی حالات اور کفر ونفاق کے تمام مکرو حیلے سے بخوبی واقف و آگاہ تھے آپ صرف ایک بڑے بہادر و جانباز اور شجاع علمبردار ہی نہ تھے بلکہ آّپ کی شخصیت فقاہت و قداست ، عبادت وبصیرت ، دوراندیشی، سادگی اور زہد وتقوی سے معمور تھی اور اسی بصیرت و عمیق نظر کا نتیجہ تھاکہ آپ نے امام وقت سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کی حمایت میں قیام کیا اور شرافت و کرامت کے اعلی مقام پر فائز ہوئے اور صفحہ تاریخ پرہمیشہ کے اپنے نقوش چھوڑ دیئے۔ حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام اپنے چچا حضرت عباس علیہ السلام کے بارے میں فرماتے ہیں :ہمارے چچا عباس نافذ البصیرۃ تھے انہوں نے اپنے بھائی امام حسین علیہ السلام کے ساتھ جہاد کیا اور آزمائش کی کسوٹی پر بالکل کھرے اترے اور جام شہادت نوش کیا۔ بصیرت و دور اندیشی جسے امام علیہ السلام نے آپ کی توصیف میں بیان کیاہے وہ آپ کے لئے بہترین اور قابل افتخار سند ہے ایسی بصیرت ودور اندیشی جس کی آج سماج کے ہر طبقے کو بہت سخت ضرورت ہے کونکہ کہ یہی بصیرت ہے جو سخت و پیچیدہ مراحل اوردقیق فیصلے کے وقت انسان کو سیدھے اور ولایت کے صحیح راستے کی طرف رہنمائی کرتی ہے ۔
حضرت عباس ابن علی (ع) کی اولادکے بارے میں میں تمام علماء اور ماہرانساب کا اتفاق ہے کہ آپ کے دو بیٹے تھے ۔حضرت فضل (ع) اور حضرت عبیدہ اللہ (ع) اس پر بھی اکثر علماء اور ماہر انساب کا اتفاق ہے کہ آپ کی نسلِ مبارک حضرت عبیدہ اللہ (ع) سے ہی چلی البتہ ابن شہر آشوب نے آپ کے دو فرزند بنام محمد (ع) اور عبد اللہ (ع) کا ذکر کیا ہے۔ جو کربلا میں شہید ہو گئے ۔ بعض نے حضرت فضل (ع) کی اولاد کا ذکر کیا ہے۔ تاریخ میں اولاد حضرت علی (ع) کے ساتھ اموی اور عباسی حکمرانوں کے روح فرسا مظالم کی بناء پر کچھ تو اُن کے بے رحم خنجر سے کربلا ، دمشق اور بغداد میں ذبح ہو گئے۔ اور کچھ دور دراز علاقوں میں ہجرت کرنے پر مجبور ہو گئے۔ حضرت عیسیٰ بن زید (ع) اور حضرت حمزہ بن قاسم العلوی(ع) پر ہونے والے ظلم بھری داستانیں اور اِس جیسی ہزاروں داستانیں شاہد ہین کہ دین کی بقاء اور سربلندی کے لیے اولاد حضرت علی (ع) نے کیا کیا قربانیاں دیں۔ اور کس کس طرح اپنے القب اور نسب کو ظاہر نہ کیا۔ جس کی بناء پر آج اولاد حضرت علی (ع) مختلف نام سے پہچانی جاتی ہے۔ اِسی بناء پر حضرت عباس ابن علی (ع) کی اولاد مصر میں ،، سادت بنی ہارون ،، اردن میں ،، سادات بنو شہید ،، یمن میں ،، سادات بنو بنی مطاع ،، عراق میں ،، سادات علوی ،، ایران میں ،، سادات ابوالفضلی علوی ،، اور پاکستان میں ،، سادات علوی المعروف اعوان قطب شاہی ،، کے عنوان سے پہچانی جاتی ہے۔ پاکستان میں حضرت عباس ابن علی (ع) کی اولاد سید عون قطب شاہ العلوی (رض) سے چلی ۔ پاکستان میں حضرت عباس ابن علی (ع) کی اولاد سید عون قطب شاہ العلوی (رض) کی نسبت سے اعوان قطب شاہی اور سیدنا حضرت امام علی (ع) کی نسبت سے سادات علوی کے لقب سے مشہور و معروف ہے ۔ سید عون قطب شاہ علوی (رض) کا شجرہ نسب دس واسطوں سے حضرت عباس ابن علی (ع) تک پہنچتا ہے ، سید عون قطب شاہ علوی (رض) کا شجرہ نسب مندرجہ ذیل ہے۔

السید عون قطب شاہ العلوی البغدادی بن السید یعلی العلوی بن السید ابو یعلی الحمزہ (الثانی) العلوی بن السید القاسم العلوی بن السید علی العلوی بن السید الحمزہ العلوی (الاول) بن السید الحسن العلوی بن السید عبیداللہ العلوی رئیس المدنی بن باب الحوائج شہنشاہ وفا قمر بنی ہاشم سیدنا غازی ابو الفضل العباس علمدار العلوی علیہ السلام بن امیر المومنین امام المتقین وصی رسول خداﷺ سیدنا حضرت امام علی المرتضٰی علیہ السلام بن سید البطخاء مومن القریشن نکاح خواں رسول خداﷺ سیدنا حضرت ابو طالب علیہ السلام۔

تحریر : ملک ممتاز علوی سید

طالب علم رہنماء مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن پاکستان

بانی وچیئرمین : سادات علوی اعوان کونسل پاکستان
محقق نسابہ رائٹر ہسٹری و شجرہ جات قبیلہ سادات علوی المعروف اعوان قطب شاہی (ذریت شہنشاہ وفا قمر بنی ہاشم سیدنا حضرت غازی ابو الفضل العباس علمدار علیہ السلام بن امیر المومنین و امام المتقین سیدنا حضرت امام علی المرتضی علیہ السلام)

ایڈمن فیس بک پیج سادات علوی المعروف اعوان قطب شاہی (ذریت شہنشاہ وفا قمر بنی ہاشم سیدنا حضرت غازی ابو الفضل العباس علمدار علیہ السلام بن امیر المومنین و امام المتقین سیدنا حضرت امام علی المرتضی علیہ السلام)


ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے